حکومت کی طرف سے رواں ماہ پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے منی بجٹ پر اپوزیشن کی طرف سے مسلسل یہ الزام لگایا جا رہا کہ اس کے منظور ہونے سے پاکستان کی سلامتی دائو پر لگ جائے گی۔اسی طرح بعض دیگر معاشی ماہرین اور افواہ ساز بھی اس فنانس بل کے حوالے سے عوام میں ایسی افواہیں پھیلانے میں مصروف ہیں کہ جیسے تحریک انصاف کی حکومت ملکی مفاد کے خلاف کوئی ایسا کام کرنے جا رہی ہے جس سے ملک کی سالمیت یا ایٹمی اثاثوں کو شدید نقصان پہنچے گا۔
اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کے عوام کو غیر جانبداری سے اس منی بجٹ کے مثبت اور منفی پہلوئوں سے آگاہ کیا جائے۔ یہ حقیقت ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی معاشی سمت کو درست راستے پر ڈال دیا ہے اور اب اس کی رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے ہمیں غیر دستاویزی معیشت کو دستاویزی بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔