وزیر داخلہ شیخ رشید کا برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک کا فائدہ اسی میں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک صفحے پر ہوں، وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں ہے اور فوجی قیادت کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی سوچ میں فرق ہو سکتا ہے مگر ایسا نہیں کہ وہ ایک صفحے پر نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نظر آتا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات لے جاتے وقت شاید درست تیاری نہیں کی گئی، چوروں، ڈاکووں، کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو قانون کو گرفت میں لانے کے لیے عمران خان کو ووٹ ملے، احتساب عمران خان کا سب سے بڑا نعرہ تھا مگر ہمیں وہ کامیابی نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی۔سابق مشیر برائے احتساب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ شہزاد اکبر کے استعفے اور وزیراعظم کی ان سے ناراضگی کی وجہ نواز شریف کو واپس نہ لانے سمیت پیسے بھی واپس نہ لانا ہے۔