جس وقت یہ سطریں لکھی جارہی ہیں، ایم کیو ایم کا پی ایم ہاؤس کے سامنے مظاہرہ اور مظاہرین پر سندھ حکومت کا لاٹھی چارج موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اس واقعے کو سیاہ و سفید میں میں بانٹ کر دیکھنا سہل ہے، ظالم اور مظلوم، صحیح اور غلط؛ مگر دو انتہاؤں کے درمیان جو ’’گرے ایریا‘‘ ہے، وہ دراصل اس شہر کی موت کا روایتی تعزیت نامہ ہے۔کراچی، جو کبھی خطے کے ماتھے کا جھومر تھا، جو ملک کی معاشی شہ رگ کہلاتا تھا، آج ملکی سیاست میں یک سر غیر متعلقہ ہوچکا ہے۔ جس شہر کی قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں ہیں، جو ٹیکس ادا کرنے میں پہلے نمبر پر ہے، آج حکومتی ترجحیات میں آخری نمبر پر دکھائی دیتا ہے۔