چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مارنے سے متعلق کیس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو  شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

دوران سماعت عدالت نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا کہ آپ نے اس کورٹ اور سپریم کورٹ کو کیا انڈرٹیکنگ دی تھی؟ کیا ایس او پیز بنائے؟ آپ کو کہا تھا کہ ہتک عزت کے معاملے کو آپ نے فوجداری قانون میں رکھا ہوا ہے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے کو روگ ایجنسی نہیں بننے دیں گے، آپ کا کام لوگوں کی خدمت کرنا ہے، ہر کیس میں ایف آئی اے اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔