اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پرسوں رات واپسی ہوئی اور کل بھی کوشش کی تھی کہ عدالت آؤں لیکن جج صاحب چھٹی پر تھے۔

عمران خان کی جانب سے ڈیل کر کے پاکستان آنے سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار کا کہنا تھا ہم کسی ڈیل پر کوئی پر یقین نہیں رکھتے، کسی ڈیل کے تحت نہیں آیا، ڈیل کی باتیں کرنے والے بتائیں کیا انہوں نے مجھے پاسپورٹ جاری کیا تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں سفارت خانوں اور ہائی کمیشن کو منع کر دیا گیا تھا کہ مجھے پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے، عمران خان کو پیغام ہے کہ ملک کو چلنے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں چیلنجز درپیش ہیں، ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا نے پابندیاں لگائیں، معیشت کی بہتری کے لیے آپ ہمیں ٹائم دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کی کرنسی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، روپے کی قدر بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے، ہم نے 2013 میں بھی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تھا، ہماری پوری کوشش ہو گی کہ پاکستان کی معیشت کو بہتر کریں اور روپے کو مستحکم کریں۔