وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پارٹی ارکان نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عمران خان پر حملے کی عدالتی تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قاتلانہ حملہ کر کے عمران خا ن کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی، عمران خان پر قاتلانہ حملہ لوگوں کو نفسیاتی طور پر ڈرانے کے لیے کیا گیا کیونکہ لوگ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں جوق در جوق شرکت کر رہے ہیں، قاتلانہ حملے کے بعد ایک اور نا انصافی ہماری درخواست پر پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر کے کی گئی، پولیس نے عمران خان کی جانب سے دیے گئے 3 ناموں پر مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا۔
درخواست میں چیف جسٹس پاکستان سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی عدالتی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہماری ایف آئی آر کے حق کو تسلیم نہیں کیا جاتا، ایف آئی آر میں عمران خان کے نامزد کردہ افراد کے نام شامل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔