راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ میں عجلت میں پی ٹی آئی کےاستعفے منظور نہیں کروں گا، استعفے قواعد وضوابط کے مطابق منظور ہوں گے، میں سب کا اسپیکر ہوں،کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں، ملکی مسائل کا واحد حل پارلیمنٹ کا فورم ہے اور پی ٹی آئی کو کہوں گا پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں، اس جماعت میں بھی سنجیدہ پارلیمنٹیرین موجود ہیں جو میری بات پرغورکریں گے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ کورم پورا کرنا اسپیکر کا کام نہیں، پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتیں کورم کا مسئلہ حل کریں، تمام ممبران پرفرض ہےکہ وہ پارلیمنٹ میں آکراپنا کردارادا کریں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے چیف وہپ نےگزشتہ روز مجھ سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا، میں نے آج اسمبلی آفس میں پہنچ کر خود عامر ڈوگر سے رابطہ کیا، میں نے بتایا کہ میں اسپیکر آفس پہنچ گیا ہوں ملاقات کے لیے آجائیں اس پر پی ٹی آئی کے چیف ویپ نے کل ملاقات کا کہا ہے۔