پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا پی ٹی آئی حکومت نے ایس ای سی پر توجہ نہیں دی، سستی سیاست کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی ہیں،  لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا کوئی ڈالر تو کوئی سونا خرید رہا ہے، سیاسی مقاصد کے لیے ایسی باتیں کرنا درست نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنگین مسائل ہیں لیکن ہمیں اس کا حل نکالنا ہے، ہمیں کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنانا، ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے، ثابت کر سکتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور ہم مدد کے لیے پیرس کلب نہیں جائیں گے، آنے والے چند ماہ میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہو جائے گی، میں پاکستان کے ایشوز کو حل کر رہا ہوں، یہ ماضی کا پاکستان نہیں، ملک کیوں ڈیفالٹ کرے گا۔