تحقیقی رپورٹس کے مطابق رات گئے تک جاگنے والے افراد میں ایسی عادات کا امکان زیادہ ہوتا ہے جو مختلف امراض کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔

نومبر 2018 میں برطانیہ کی Northumbria یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں صبح جلد جاگنے والے افراد اور رات گئے سونے والوں کی صحت کا موازنہ کیا گیا تھا۔

اس تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ جلد سونے یا رات گئے تک جاگنے سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد میں امراض قلب اور ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ علی الصبح جاگنے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق رات گئے سونے والے افراد صحت کے لیے نقصان دہ غذاؤں کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں جبکہ چینی، کیفین اور فاسٹ فوڈ کا بھی زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد اکثر ناشتہ نہیں کرتے اور یہ تمام غذائی عادات ذیابیطس ٹائپ 2 اور امراض قلب کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔