اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پولیس لائن میں افسوسناک واقعہ ہوا، اے پی ایس واقعے کے بعد یہ ایک اندوہناک واقعہ ہے، 85 نمازی شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا ہمیں حقائق تسلیم کرنا ہوں گے، پوری قوم اشک بار ہے، چند سال پہلے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے بعد یہ واقعہ کیسے رونما ہوا، پوری قوم سوچ رہی ہے کہ کس طرح مستقبل میں اس ناسور پر قابو پایا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا آج ہمیں حق بات کرنا ہوگی، 417 ارب روپے وفاق نے خیبرپختونخوا کو دیے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ 417 ارب روپے کہاں گئے، قوم کو جواب دینا ہو گا کہ دہشتگرد یہاں کس طرح آئے اور کون انہیں یہاں لایا، ملک کی تقدیر بہتر کرنے کے لیے آپ اپنے لوگوں سے ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں اور ان لوگوں کو پاکستان میں سیٹل کرنے کے لیے لایا گیا، اس طرح کا دوہرا معیار نہیں چلے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے 20 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔